بنگلورو،6؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی جنتادل (ایس) کے نئے صدر ایچ وشواناتھ نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کی کوشش یہی ہوگی کہ جنتاپریوار کو ریاست میں متحد کرنے اور ماضی میں اس پریوار کا حصہ رہ چکے قائدین کو یکجا کرکے جنتادل (ایس) کو ایک مضبوط سیاسی قوت بنانے کے لئے جدوجہد کریں۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشواناتھ نے کہاکہ جنتاپریوار کو چھوڑ کر دوسری پارٹیوں کا رخ کرنے یا پھر سیاست سے کنارہ کش ہونے والے تمام لیڈروں کو جنتادل (ایس) میں لوٹ آنے کی گزارش کی جائے گی۔ کرناٹک میں کمار سوامی کے ساتھ دو اور وزرائے اعلیٰ کے کام کرنے کے متعلق بی جے پی کے طنز کا جواب دیتے ہوئے وشواناتھ نے کہاکہ جمہوریت کے تحت ہر کسی کو اپنی رائے پیش کرنے کا حق ہے، ایک قومی سیاسی جماعت بی جے پی کو جمہوری امور کے متعلق کس طرح موقف ظاہر کرنا ہے اس کی کچھ بھی جانکاری نہیں ہے۔
اس موقع پر رکن کونسل پی اے شرونا اور دیگر موجود تھے۔وشواناتھ نے کہاکہ پارٹی کے قومی صدر دیوے گوڈا اور وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے ان پر اعتماد کرکے جو ذمہ داری انہیں سونپی ہے اس کی لاج رکھتے ہوئے ریاست بھر میں پارٹی کو مضبوط کرنے کی جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب وہ ریاست کی سبھی کمیٹیوں کو تحلیل کرکے نئی کمیٹیوں کی تشکیل دیں گے، یہ تمام کمیٹیاں اور محاذی تنظیمیں تجربے کار پارٹی قائدین اور نوجوانوں کے ملے جلے عہدیداروں پر مشتمل رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ بلدی انتخابات کے لئے جنتادل (ایس) موزوں امیدواروں کی تلاش شروع کی جاچکی ہے، پارٹی کی کوشش یہ ہوگی کہ مقامی سطح پر وہ اپنے وجود کو اور مستحکم کرے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں بھلے ہی کانگریس جنتادل (ایس) مخلوط حکومت چل رہی ہے لیکن اس حکومت کے مقابل انہیں پارٹی مقدم رہے گی۔ وشواناتھ نے کہاکہ صرف 14ماہ قبل وہ جنتادل (ایس) میں شامل ہوئے اس کے باوجود بھی پارٹی صدر دیوے گوڈا نے انہیں ہنسور سے انتخاب لڑنے کا ٹکٹ دیا،اور اب انہیں پارٹی کا ریاستی صدر مقررکرکے ایک بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہنسور وہ تاریخی اسمبلی حلقہ ہے جس کی نمائندگی ریاستی اسمبلی میں آنجہانی وزیراعلیٰ دیوراج ارس کیا کرتے تھے۔